جنید اکبر خان پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کیخلاف کھل کر سامنے آگئے
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے خلاف کھل کر سامنے آگئے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے خلاف کھل کر سامنے آگئے۔

پارٹی کی سیاسی کمیٹی پر تنقید کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی اپنے ساکھ خراب کر رہی ہے، سیاسی کمیٹی میں6،7 لوگوں کا گروپ ہے جو طے کرتا ہے کہ کس کے خلاف بات کرنی ہے،سیاسی کمیٹی میں کچھ لوگ میرے خلاف پراپیگنڈا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی کمیٹی ہمت کرکے میرے علاوہ باقی لوگوں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لے، مخصوص لوگ بانی پی ٹی آئی تک میرے خلاف منفی چیزیں پہنچاتے ہیں، یہاں پر لوگوں کے ایمان بہت کمزور ہیں۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ جو بندہ کھلا پلا سکتا ہے اس کے خلاف آنکھیں بند کرلی جائیں اور جنید اکبر کھلا پلا نہیں سکتا تو اس کے خلاف منفی چیزیں پھیلائی جائیں، ہماری حکومت اور کمیٹیوں سے اگر بانی پی ٹی آئی کو کوئی فائدہ نہیں ہورہا تو ایسی کمیٹیوں اور حکومت کا کوئی فائدہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 129 ضمنی الیکشن، امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ

جنید اکبر خان نے کہا کہ میں نے بطور چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپنا استعفیٰ چیف وہپ عامر ڈوگر کو بھیج دیا ہے وہ اسپیکر قومی اسمبلی تک پہنچائیں گے، میں نے پہلے بھی استعفیٰ دیا تھا ، پراپیگنڈا کیا گیا کہ میں نے صوبائی صدارت چھوڑنا منظور کرلیا لیکن چیئرمین شپ نہیں، اسد قیصر اور عاطف خان گواہ ہیں میں نے تب بھی اپنا استعفیٰ لکھ کر خان کو بھیجا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صرف میری ہی کارکردگی کونہ دیکھیں ماضی میں مجھ سے بڑے بڑے نام رہے ہیں ساری ذمہ داری چیئرمین کی نہیں ہوتی، بیرسٹر گوہر کی بات کا افسوس ہوا میں نے کہا کہ میں دونوں عہدے چھوڑوں گا، یہ سچ نہیں بتا سکتے، اب میں فارغ ہو جاؤں گا تو اپنی کارکردگی سمیت سب کی بتاؤں گا۔