
پاورڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جائے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے ڈسکوز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ سیلابی علاقوں میں بجلی کے انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔ تمام سب اسٹیشنز، فیڈرز اور کنٹرول رومز کو فوری طور پر محفوظ بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں ایک فلڈ مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے جو صورتحال پر مسلسل نظر رکھے گا۔ ڈسکوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ دو بار سیلابی صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹس جمع کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: چنیوٹ میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، الرٹ جاری
تمام آپریشنل ٹیموں کو مکمل طور پر الرٹ رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پاور ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ مقامی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ فوری ردعمل ممکن ہو۔
پاور ڈویژن نے اس معاملے کو انتہائی اہم اور فوری نوعیت کا قرار دیا ہے۔ تمام ڈسکوز کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔