عمران خان کو بصارت کے مسائل، طبی معائنے کیلئے درخواست دائر
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے طبی معائنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے طبی معائنے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بھائی عمران خان کے طبی معائنے کےلیے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کی۔

درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو آنکھوں میں شدید دباؤ اور دھندلے پن کے مسائل کا سامنا ہے، بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالج نے آخری بار گزشتہ برس 4 نومبر کو ان کی آنکھوں کا معائنہ کیا تھا۔

علیمہ خان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے ماتحت سرکاری ڈاکٹروں پر ہمیں اعتماد نہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ذاتی معالج کو میڈیکل بورڈ میں شامل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف بانی کی رہائی کیلئے پھر سڑکوں پر آنے کو تیار

بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے درخواست میں مزید کہا کہ سابق وزیراعظم کو جیل میں بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فوری طور پر میڈیکل بورڈ بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے علیمہ خان کی درخواست پر ابتدائی سماعت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور پراسیکیوشن کو نوٹسز جاری کرد یے اور 29 اگست کوجواب طلب کرتے ہوئے درخواست پر سماعت ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہی بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنوں نے اڈیالہ جیل میں ان سے 4 گھنٹے طویل ملاقات کی تھی۔