سیلابی صورتحال سنگین، سیالکوٹ میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان
Sialkot schools closed flood
فائل فوٹو
سیالکوٹ: (ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے دریاؤں میں اچانک پانی چھوڑنے کے بعد سیلابی صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر ہنگامی اقدامات اٹھا لیے، سیالکوٹ میں آج تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے لوکل تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہری گھروں میں رہیں اور بلا ضرورت سفر سے اجتناب کریں۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، لہٰذا شہری دریاؤں، ندی نالوں اور خطرناک مقامات پر جانے سے اجتناب کریں، خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تحصیل کوٹ مومن میں بھی انتظامیہ نے آج تمام اسکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بچوں کی حفاظت اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ستلج، راوی اور چناب میں پانی چھوڑنے کے بعد پاکستان کے کئی علاقوں میں اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دریاؤں کے کنارے واقع درجنوں بستیاں زیر آب آ چکی ہیں جبکہ ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہیں۔ مختلف اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر درمیانے درجے کے ریلا کی اطلاع ملی ہے۔ حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔