
تفصیلات کے مطابق الطاف احمد قریشی کی نمازِ جنازہ آج بعد از نمازِ عصر جوہر ٹاؤن لاہور کی جامع مسجد ربیع القرآن میں ادا کی جائے گی، جس میں پارٹی رہنما، کارکنان، عزیز و اقارب اور معززین علاقہ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے اس افسوسناک موقع پر مرحوم کے خاندان سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کی آبی جارحیت، دریاؤں میں پانی چھوڑ دیا
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ الطاف احمد قریشی پارٹی کے مخلص، باوفا اور دیرینہ ساتھی تھے جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ غم کی گھڑی پورے پیپلز پارٹی کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، اور ہم مرحوم کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر حسن مرتضی نے بھی تعزیتی پیغام میں کہا کہ الطاف احمد قریشی ایک نڈر اور بااصول سیاستدان تھے جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
پارٹی کے رہنما شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ الطاف احمد قریشی کی وفات سے ایک خلا پیدا ہو گیا ہے جسے پُر کرنا ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے پارٹی کی فلاح اور کارکنوں کے مسائل کے حل میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا۔
مرحوم الطاف احمد قریشی اپنی سیاسی بصیرت، نرم گفتاری اور عوامی خدمت کے جذبے کی وجہ سے نہ صرف پارٹی کے اندر بلکہ عوامی سطح پر بھی ایک منفرد مقام رکھتے تھے۔ ان کی وفات پر پارٹی کے کارکنان اور عوامی سطح پر بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔