معروف مذہبی سکالر انجینئر محمد علی مرزا گرفتار
 معروف مذہبی سکالر انجینئر محمد علی مرزا کو گرفتار کر لیا گیا۔
فائل فوٹو
جہلم: (ویب ڈیسک) معروف مذہبی سکالر انجینئر محمد علی مرزا کو گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ‏نیشنل سائیر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے افسران و اہلکاروں نے مشینی محلہ جہلم میں ایک اکیڈمی پر ریڈ کر کے محمد علی مرزا کو حراست میں لیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ انجینئر محمد علی مرزا کو متنازع مذہبی بیان دینے پر ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس کے احکامات پر 3 ایم پی او کے تحت گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا ہے، محمد علی مرزا کی اکیڈمی کو بھی تالے لگا کر سیل کیا گیا، گرفتاری کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے۔

واضح رہے کہ محمد علی مرزا آن لائن مذہبی درس دیتے ہیں، جہاں وہ مختلف معاشرتی و مذہبی موضوعات پر مبنى گفتگو کرتے ہیں لیکن ان کی مقبولیت کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ حساس موضوعات پر کھل کر بات کرتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ مئی 2020ء میں بھی جہلم پولیس نے انہیں آن لائن مذہبی لیکچر دینے پر سیکشن 153 اے کے تحت اس وقت گرفتار کیا جب ان کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہوئی ، سیکشن 153 اے کسی ایسے شخص کے خلاف لگایا جاتا ہے جو نفرت انگیز گفتگو اور کسی دوسرے کے خلاف اشتعال دلانے کا مرتکب ہو۔

تاہم انہوں نے گرفتاری کے خلاف عدالت سے رجوع کیا اور گرفتار کے دو روز بعد عدالت کی جانب سے انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔