وزیراعظم کی ہدایت پرایک کروڑ مفت موبائل سمزکی فراہمی آغاز
 وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایک کروڑ مفت موبائل سمز کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایک کروڑ مفت موبائل سمز کی فراہمی کا آغاز کر دیا گیا۔

 اسلام آباد میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی ایس پی )کےتحت ڈیجیٹل والٹس کےقیام اورمفت موبائل سمزکی فراہمی کےاجراکی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم شہبازشریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

 وزیراعظم نے بی آئی ایس پی کے تحت ایک کروڑ ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس کا اجرا کر دیا اور ڈیجیٹل والٹ نظام کے قیام پر بی آئی ایس پی کی ٹیم اورتمام سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی۔

تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بی آئی ایس پی میں جدت شہید بےنظیر بھٹو کے ویژن کی عکاس ہے، بی آئی ایس پی ملک سےغربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی کو کامیاب پروگرام بنانےمیں سینیٹرروبینہ خالد اور سیکرٹری کا کردار لائق تحسین ہے، ڈیجیٹل والٹ کا نظام کیش لیس معیشت کی جانب اہم پیشرفت ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ رمضان المبارک میں پہلی بار بی آئی ایس پی کے مستحقین میں رقوم کی ڈیجیٹل منتقلی کی گئی، رمضان پیکیج مستحقین میں کامیابی سے ڈیجیٹل طریقے سے منتقل ہوا۔

محمد شہباز شریف نے مزید کہا کہ کیش لیس معیشت کے حوالے سے ہر ماہ دوبار اجلاس کر رہا ہوں، کیش لیس معیشت آج کے دور کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لیپ ٹاپ اسکیم کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کا اعلان

بعدازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے تجاویز پر بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم نے قومی صنعتی پالیسی کے حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکی برآمدات میں صنعت مرکزی حیثیت رکھتی ہے، صنعتوں کی ترقی کے ذریعے برآمدات پر مبنی معیشت، ملکی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق افرادی قوت اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی پیداوار میں اضافے اور صنعتوں کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔