محکمہ ہائر ایجوکیشن نے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا باقاعدہ شیڈول بھی تیار کر لیا، جس کے مطابق اگلے ماہ سے میرٹ پر منتخب طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ستمبر کے پہلے یا دوسرے ہفتے میں اس مرحلے کا باضابطہ آغاز کریں گی۔اس خصوصی تقریب میں دوسرے مرحلے کے تحت دیگر ڈویژنز کے طلبہ کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ طالب علم اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یاد رہے کہ اسکیم کے پہلے مرحلے میں لاہور ڈویژن کے طلبہ میں 14 ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے تھے، جنہیں طلبہ اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپ اسکیم کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی تک رسائی فراہم کرنا، آن لائن تعلیم کے مواقع بڑھانا اور نوجوانوں کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے پہلے بلٹ ٹرین منصوبے کا اعلان
ماہرینِ تعلیم کے مطابق یہ اقدام نہ صرف طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنائے گا، بلکہ ریسرچ اور آن لائن لرننگ کے رجحان کو بھی فروغ دے گا۔
اس اسکیم سے مستفید ہونے والے طلبہ کو اپنی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے اور بین الاقوامی سطح پر مواقع حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔