حماد اظہر کا این اے 129 سے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان، نیا امیدوار نامزد
Hammad Azhar NA-129
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر حماد اظہر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 سے الیکشن نہ لڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ اس نشست پر اب ان کے بھانجے چوہدری ارسلان ظہیر الیکشن میں حصہ لیں گے۔

حماد اظہر نے کہا کہ میری ہمشیرہ ارسلان ظہیر کی انتخابی مہم کی انچارج ہوں گی، موجودہ حالات میں میرے لیے انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لینا یا کامیابی کے بعد اسمبلی کی نشست پر حلف لینا ممکن نہیں ، اس لیے پارٹی اور خاندان نے ارسلان ظہیر کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ارسلان ظہیر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں لاہور فروٹ اور سبزی منڈی کمیٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں اور ایک ہونہار و باصلاحیت نوجوان ہیں۔ وہ ماضی میں والدِ محترم میاں اظہر مرحوم کی انتخابی مہم میں بھی بھرپور کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:رانا ثناء کے گھر پر حملے کا کیس، عمر ایوب ، زرتاج گل سمیت دیگر کو سزائیں

 

 

 

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا کہ ارسلان احمد کے والد 2020 میں کووڈ کے باعث انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد میاں اظہر مرحوم نے ان کی سرپرستی کی اور انہیں اپنا دوسرا بیٹا تصور کرتے تھے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ارسلان ظہیر پر 9 مئی کے کسی بھی واقعے کا کوئی مقدمہ نہیں کیونکہ وہ اس وقت ملک سے باہر موجود تھے، اس لیے ان کی کامیابی کے بعد کسی جبری نااہلی کا خطرہ بھی نہیں ہوگا۔