اسلام آباد: سی ڈی اے کا پانی اور سیوریج چارجز بڑھانے کا فیصلہ
CDA water charges
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پانی اور سیوریج چارجز میں اضافے کا فیصلہ کر لیا،سی ڈی اے بورڈ نے واٹر اینڈ سینیٹیشن چارجز بڑھانے کی باقاعدہ منظوری دے دی۔

اسلام آباد کے تقریباً 80 ہزار پانی کے کنکشن رکھنے والے صارفین سے اب ان کے پلاٹ کے سائز کے مطابق واٹر چارجز وصول کیے جائیں گے۔

سی ڈی اے حکام کے مطابق واٹر اینڈ سینیٹیشن ڈائریکٹوریٹ کی سالانہ آمدن صرف 40 لاکھ روپے ہے جبکہ اس شعبے کے سالانہ اخراجات 4 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں جس کی وجہ سے فیسوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دیا جا رہا ہے۔

پانی اور سیوریج چارجز میں مجوزہ ترمیم پر عوامی رائے لینے کے لیے 3 ستمبر کو کنونشن سینٹر اسلام آباد میں صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک پبلک ہیئرنگ کا انعقاد کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے آئی ایم ای آئی کلوننگ سے متعلق مشورہ جاری کرنے کی تردید کر دی

سی ڈی اے کے واٹر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری کردہ عوامی نوٹس کے مطابق شہریوں، رہائشیوں، اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ عوامی سماعت میں شرکت کریں اور اپنی رائے اور تجاویز پیش کریں۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ شہریوں کے مالی بوجھ میں مزید اضافہ کر سکتا ہے۔ تاہم سی ڈی اے کا مؤقف ہے کہ بہتر سہولیات کی فراہمی اور نظام کو خود کفیل بنانے کے لیے یہ اقدام ناگزیر ہے۔