پی ٹی اے نے آئی ایم ای آئی کلوننگ سے متعلق مشورہ جاری کرنے کی تردید کر دی
IMEI cloning Pakistan
فائیل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے آئی ایم ای آئی کی نقل یا بلاکنگ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے مشورے کو مسترد کر دیا گیا ۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ وہ آئی ایم ای آئی کی نقل اور کلوننگ پر اپنی مقررہ انفورسمنٹ حکمتِ عملی کے تحت مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ اتھارٹی نے واضح کیا کہ وہ آئی ایم ای آئی سے چھیڑ چھاڑ، نقل، اور کلون شدہ موبائل ڈیوائسز کی تقسیم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

پی ٹی اے نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کے ساتھ مل کر ملک بھر میں کئی کارروائیاں کی ہیں جن میں کراچی، فیصل آباد، گلگت اور راولپنڈی شامل ہیں۔ ان چھاپوں کے دوران آئی ایم ای آئی میں رد و بدل کے لیے استعمال ہونے والے آلات اور سافٹ ویئر ضبط کیے گئے جبکہ متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔

یہ اقدامات قومی سلامتی کو یقینی بنانے اور موبائل شناختی نمبروں کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کے لیے کیے جا رہے ہیں جنہیں سائبر کرائم، مالی فراڈ، اغوا اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاسپورٹس بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری

ایسے افراد جنہیں لگتا ہے کہ ان کا موبائل آئی ایم ای آئی غلطی سے بلاک کر دیا گیا ہے وہ پی ٹی اے کے شکایات مینجمنٹ سسٹم (CMS) کے ذریعے شکایت درج کرا سکتے ہیں۔ رہنمائی کے لیے پی ٹی اے کے سرکاری سی ایم ایس پورٹل کا دورہ کریں۔

واضح رہے کہ پی ٹی اے نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلی معلومات کا شکار نہ ہوں اور صرف اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ یا تصدیق شدہ سوشل میڈیا چینلز سے حاصل کردہ معلومات پر بھروسا کریں۔