
ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے اعلان کیا کہ صوبے کو سینٹرل پنجاب اور ساؤتھ پنجاب زونز میں تقسیم کر کے مزید چار سب زونز تشکیل دیے گئے ہیں۔
سینٹرل پنجاب میں لاہور اور گجرانوالہ کو نئے سب زونز کا درجہ دیا گیا، جبکہ ساؤتھ پنجاب میں ملتان اور بہاولپور کو شامل کیا گیا ہے۔ اس تقسیم کا مقصد پاسپورٹ سروسز کو زیادہ منظم بنانا اور شہریوں کو ان کی دہلیز پر سہولت فراہم کرنا ہے۔
ڈی جی پاسپورٹس کا کہنا تھا کہ نئے سب زونز کی تشکیل سے صوبے بھر میں پاسپورٹ سے متعلقہ انتظامی امور مزید مؤثر ہو جائیں گے، جس کے باعث درخواستوں کے جلد از جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے پہلے بلٹ ٹرین منصوبے کا اعلان
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو پاسپورٹس کے بروقت اجراء کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں پاسپورٹ کے اجراء کو شفاف، تیز اور معیاری بنایا جا رہا ہے۔
محکمہ پاسپورٹس کے مطابق یہ اقدامات شہریوں کے وقت اور سفر کی لاگت میں کمی لائیں گے، جبکہ عوام کو پاسپورٹ کے حصول کیلئے مزید سہولت اور آسانی میسر آئے گی۔