پنجاب حکومت کا سرکاری اسکولوں میں دودھ کے ساتھ بسکٹ فراہم کرنے کا فیصلہ
Maryam Nawaz initiative
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو دودھ اور بسکٹ کی فراہمی کے لیے اسکول میل پروگرام کمیٹی کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا۔

یہ اقدام "چیف منسٹر اسکول نیوٹریشن پروگرام" کے تحت آٹھ اضلاع میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر شروع کیا جا رہا ہے، جن میں بھکر، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور، میانوالی، مظفر گڑھ اور رحیم یار خان شامل ہیں۔

حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد اسکول کے بچوں میں غذائی قلت کا خاتمہ کرنا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں 3,527 سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم 4 لاکھ سے زائد غذائی قلت کے شکار طلبہ کو روزانہ دودھ فراہم کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: صنعتی کارکنوں کیلئے فلیٹوں کی الاٹمنٹ کا آغاز

مزید برآں، استعمال شدہ دودھ کے پیک جمع کر کے ری سائیکل کیے جائیں گے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدن کو متعلقہ اسکولوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

واضح رہےکہ یہ منصوبہ نہ صرف بچوں کی صحت بہتر بنانے میں معاون ہوگا بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور اسکولوں کی خود انحصاری کی جانب بھی اہم قدم ثابت ہوگا۔