صنعتی کارکنوں کیلئے فلیٹوں کی الاٹمنٹ کا آغاز
Maryam Nawaz Housing Scheme
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مزدور دوست پالیسی کے تحت صنعتی کارکنوں کیلئے رہائشی سہولیات فراہم کرنے کا بڑا قدم اٹھا لیا۔

پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی جانب سے ورکرز ویلفیئر کمپلیکس سندر انڈسٹریل سٹیٹ قصور فیز ون میں فلیٹوں کی الاٹمنٹ کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت ضلع لاہور اور ضلع قصور کے صنعتی ورکرز کو مجموعی طور پر 720 فلیٹ دیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں، جبکہ انتقال کر جانے والے صنعتی کارکنوں کی بیوگان کیلئے 3 فیصد اور معذور ورکرز کیلئے 2 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ضلع قصور کے صنعتی ورکرز کیلئے دو تہائی جبکہ ضلع لاہور کے ورکرز کیلئے ایک تہائی ہاؤسنگ یونٹ کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔

امیدوار گھر بیٹھے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی ویب سائٹ سے درخواست فارم حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ یہ فارم ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر نارتھ و ساؤتھ اور ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر قصور کے دفاتر سے بھی دستیاب ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے پہلے بلٹ ٹرین منصوبے کا اعلان

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 ستمبر مقرر کی گئی ہے، اس اقدام کو مزدور طبقے کیلئے ایک خوش آئند قدم قرار دیا جا رہا ہے جو نہ صرف ان کے رہائشی مسائل حل کرے گا بلکہ مزدور دوست حکومت کے ویژن کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی پنجاب میں مزدوروں کی سماجی و معاشی فلاح و بہبود کی جانب ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔