پنجاب: سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں میں اضافے کا فیصلہ
 پنجاب حکومت نے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی سیٹوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی 475 نشستیں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری میڈیکل کالجز میں نشستیں بڑھانے حوالے سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کو استدعا کر دی گئی۔

پنجاب حکومت نے سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں 50 ،امیر الدین میڈیکل کالج اور نشتر میڈیکل کالج میں 50 ، 50 سیٹیں بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے، پنجاب میڈیکل کالج فیصل آباد اور شیخ زید میڈیکل کالج رحیم یار خان میں بھی 50 ، 50 سیٹیں بڑھانے کی استدعا کی گئی ہے۔

اسی طرح ساہیوال اور گوجرانوالہ میڈیکل کالج میں 50 ، جبکہ ڈی جی خان میڈیکل کالج میں 30 نشستوں کے اضافے کی سفارش کی گئی ہے،کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج، قائد اعظم میڈیکل کالج اور سرگودھا میڈیکل کالج میں بھی 25 ، 25 سیٹوں کے اضافے کی درخواست کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سی ایس ایس امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان

پنجاب حکومت نے پی ایم ڈی سی سے خواجہ صفدر میڈیکل کالج سیالکوٹ میں 20 سیٹیں بڑھانے کی استدعا کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے پی ایم ڈی سی سے رواں سال سیٹیں بڑھانے کی استدعا کی ہے، صوبائی حکومت نے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں بیڈز کی تعداد کے تناسب سے ایم بی بی ایس کی نشستیں بڑھانے کی سفارش کی ہے۔