
رپورٹس کے مطابق رواں سال سی ایس ایس امتحانات کیلئے مجموعی طور پر 18 ہزار 139 امیدواروں نے درخواست دی تھی، تاہم ان میں سے 12 ہزار 792 امیدوار ہی امتحان میں شریک ہوئے۔ نتائج کے مطابق صرف 354 امیدوار تحریری امتحان میں کامیاب ہوسکے۔
فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے کامیاب امیدواروں کی فہرست اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے تاکہ تمام امیدوار براہِ راست نتائج چیک کرسکیں۔
واضح رہے کہ سی ایس ایس امتحان میں کامیابی کی شرح مسلسل کم ہوتی جارہی ہے، جو نہ صرف امتحان کے معیار کی سختی کو ظاہر کرتی ہے بلکہ امیدواروں کی تیاری کے فقدان کی نشاندہی بھی کرتی ہے۔
اس کم شرحِ کامیابی نے ایک بار پھر اس بحث کو جنم دیا ہے کہ ملک کے اعلیٰ سول سروس امتحانات میں کامیاب ہونے کیلئے طلبہ کو کس طرح مزید موثر رہنمائی اور معیاری تیاری فراہم کی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پولیس میں 2 ہزار اے ایس آئی انویسٹی گیشن بھرتی کرنے کا اعلان
خیال رہے کہ سی ایس ایس کو پاکستان میں اعلیٰ ترین مقابلے کا امتحان تصور کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے وفاقی محکموں اور مختلف سروس گروپس کیلئے افسران کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
2025 کے نتائج نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس امتحان میں کامیابی حاصل کرنا نہایت مشکل اور محنت طلب مرحلہ ہے۔



