
اس سہولت کے ذریعے بیرون ملک مقیم عمرہ زائرین اب بغیر کسی ایجنٹ یا ثالث کے براہِ راست ویزا کیلئے درخواست دے سکیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم زائرین کو نہ صرف ویزا کی براہِ راست درخواست کا موقع فراہم کرتا ہے، بلکہ اس کے ذریعے رہائش، ٹرانسپورٹ اور ٹورز جیسی سہولتیں بھی آن لائن بک کی جاسکیں گی۔ زائرین اپنی سہولت کے مطابق مربوط یا علیحدہ علیحدہ پیکجز بھی منتخب کرسکیں گے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے واضح کیا ہے کہ ان تمام سہولتوں کا حصول https://umrah.nusuk.sa/ ویب سائٹ کے ذریعے ممکن ہے، جہاں صارفین چند آسان مراحل کے بعد اپنی ضرورت کے مطابق تمام سہولیات حاصل کرسکتے ہیں۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق نسک عمرہ پلیٹ فارم کا مقصد خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا اور زائرین کے تجربے کو سہل اور یادگار بنانا ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کا حصہ ہے جس کے تحت زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو حرمین شریفین کی زیارت کا موقع فراہم کرنا اور حج و عمرہ کی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی شہزادی فہد بن مقرن کی والدہ انتقال کر گئیں
ماہرین کے مطابق یہ اقدام نہ صرف زائرین کیلئے سہولت کا باعث ہوگا بلکہ غیر ضروری اخراجات اور بروکری نظام کے خاتمے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
نسک عمرہ کی بدولت دنیا کے کسی بھی کونے سے مسلمان آسانی سے ویزا، رہائش اور سفری سہولتیں حاصل کرسکیں گے، جس سے سعودی عرب آنے والے زائرین کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
سعودی حکومت کے اس فیصلے کو عالمِ اسلام میں خوش آئند اور زائرین کے لیے ایک بڑی خوشخبری قرار دیا جارہا ہے۔



