پنجاب میں طوفانی بارشیں، کلاؤڈ برسٹ کا خطرہ
Monsoon flood alert
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے تازہ ترین فلڈ فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا آٹھواں اسپیل 27 اگست تک جاری رہے گا۔ اس کے دوران بالائی پنجاب کے اضلاع میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق اس مرتبہ مون سون اسپیل معمول سے زیادہ طاقتور ہے جس کے باعث شدید بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے صوبے کی ضلعی انتظامیہ اور ممکنہ طور پر متاثرہ علاقوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

فیکٹ شیٹ میں دریاؤں کی صورتحال پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے:

·         دریائے سندھ: تربیلا پر نچلے درجے اور تونسہ پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جبکہ کالاباغ اور چشمہ پر پانی کا بہاؤ معمول پر ہے۔

·         دریائے ستلج: گنڈا سنگھ والا پر درمیانے درجے اور سلیمانکی پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

·         دریائے چناب، جہلم اور راوی: ان دریاؤں میں پانی کی سطح نارمل ہے۔

·         ندی نالے اور رودکوہیاں: دریاؤں کے آس پاس کے نالوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔

·         تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے جبکہ منگلا ڈیم 75 فیصد تک بھر چکا ہے۔

·         بھارت کے زیر انتظام بھاکڑا 80 فیصد، پونگ 87 فیصد اور تھین ڈیم 85 فیصد تک بھرے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: محکمہ موسمیات کی ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ برسات کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بچوں کو ندی نالوں، نہروں اور نشیبی علاقوں میں نہانے سے باز رکھیں۔

انہوں نے بتایا کہ تمام ریسکیو اور ریلیف اداروں کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

خوش آئند بات یہ ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور عوام کو تازہ ترین اپڈیٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔