
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف کل جمعرات کے روز اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت ہونا تھی جسے اب مؤخر کردیا گیا ہے۔
عدالتی عملے کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو سماعت مؤخر کیے جانے کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، کل جوڈیشل کمپلیکس میں ہی عدالت کی جانب سے کیس کی آئندہ سماعت کے حوالے سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ میں بھی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات میں ضمانت کے لیے دائر 8 درخواستوں پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے کیسز میں ضمانت کے لیے 8 درخواستوں پر سماعت کی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس شفیع صدیقی بھی بنچ کا حصہ تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ضمنی انتخابات سے متعلق بڑا فیصلہ
دوران سماعت پراسیکیوشن کے معاون وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سپیشل پراسیکیوٹر زوالفقار نقوی کو فوڈ پوائزنگ ہو گئی ہے، وہ آج عدالت نہیں آئے، کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کریں جس پر چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے کہا کہ کل سماعت رکھ رہے ہیں، کل دیکھ لیں گے۔
وکیل صفائی بیرسٹرسلمان صفدر نے مؤقف اپنایا کہ لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت گزشتہ سال نومبر میں خارج کی، 6 ماہ ہائیکورٹ میں کیس زیر التوا رہا، ہائیکورٹ میں اس کیس کی 16 سماعتیں ہوئیں، 8 پراسیکیوٹرز تبدیل ہوئے۔
بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ اس کیس میں استغاثہ کی طرف سے بہت زیادہ التوا کی درخواستیں دی گئیں، ہم اب فیڈ اپ ہو چکے ہیں جس پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ بے فکر رہیں، ہم طویل التوا نہیں دیں گے۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی 9 مئی کے کیسز میں ضمانت کے لیے دائر 8 درخواستوں پر سماعت کل ساڑھے دس بجے تک ملتوی کر دی۔



