عمران خان کا ضمنی انتخابات سے متعلق بڑا فیصلہ
Ex prime minister of Pakistan and founder of PTI Imran Ahmad Khan Niazi
سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان/فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بالآخر ضمنی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قیادت کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ نااہل ہونے والے اراکین کے حلقوں میں ان کے خاندان کو ہی ترجیحی بنیادوں پر ٹکٹ دیا جائے گا۔

اس سلسلے میں پہلی ترجیح امیدواروں کی بیویوں کو دی جائے گی تاکہ عوامی رابطہ برقرار رہے اور سیاسی تسلسل قائم رہے۔

اگر اہل خانہ کسی وجہ سے الیکشن لڑنے میں دلچسپی نہ لیں تو ایسے میں متعلقہ رکن اسمبلی کی جانب سے نامزد کردہ شخصیت کو میدان میں اتارا جائے گا، تاہم اگر یہ دونوں امکانات موجود نہ ہوں تو فیصلہ پولیٹیکل کمیٹی کرے گی جو امیدوار کے نام کو حتمی شکل دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی تمام امیدواروں کی ابتدائی فہرست مرتب کرے گی جو بعد ازاں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو منظوری کیلئے بھجوائی جائے گی۔ ان کی حتمی رائے کے بعد ہی باضابطہ ٹکٹوں کا اعلان کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نامزد

دوسری جانب سیاسی مبصرین کا کہنا ہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا یہ فیصلہ آنے والے ضمنی انتخابات کو انتہائی دلچسپ اور متحرک بنا دے گا۔

پارٹی کی حکمتِ عملی یہ ظاہر کرتی ہے کہ قیادت چاہتی ہے عوامی ہمدردی اور وفاداری کے عنصر کو زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ نااہل اراکین کے خاندان کو ٹکٹ دینے کی پالیسی سے ووٹرز کے جذبات پر اثر پڑے گا اور ممکنہ طور پر پارٹی کیلئے بہتر نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔