کراچی: پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق متعدد زخمی
 کراچی کے ایم اے جناح روڈ کے قریب پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی سے متعدد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کراچی کے ایم اے جناح روڈ کے قریب پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی سے ایک شخص جاں بحق جبکہ متعدد افراد جھلس کر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے باعث 34 افراد جھلس کر زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اور سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے 4 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے  کہ گودام سے ایک لاش برآمد ہوئی ہے، جاں بحق شخص کی شناخت اسد شاہ کے نام سے ہوئی، نوجوان اسد کے چچا نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اسد شاہ سرجیکل آلات کی دوکان میں کام کرتا تھا، واش روم استعمال کرنے کے لئے اسد شاہ اپر گیا اور پھر دھماکہ ہو گیا۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گودام کے تین سے چار کمروں میں بارود موجود تھا، آتش گیر مادے کے باعث دھماکہ شدید زوردار تھا، کوشش کررہے ہیں جلد سے جلد آگ پر قابو پایا جائے تاکہ دھماکہ خیز مواد نہ پھٹے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق فائر بریگیڈ کی 10 سے زائد گاڑیوں نے آگ بجھانے  کے عمل میں حصہ لیا، دھماکے کے باعث گودام کے اطراف میں موجود دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیلیٹی سٹورز ملازمین کیلئے کل پیکیج آئیگا: سیکرٹری صنعت

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں آگ لگنے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ آگ پر جلد سے جلد قابو پانے کی کوشش کی جائے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ڈی آئی جی ساؤتھ سے واقعہ کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو ریسکیو کرنے کے لیے پولیس کمک روانہ کی جائے، آتشزدگی واقعہ کی تفتیش اور تحقیق کی رپورٹ جلد ارسال کی جائے۔

ضیاء الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ زخمیوں کے بیانات سمیت جائے وقوعہ پر دستیاب شواہد کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے، واقعہ کی تفتیش سے مکمل طور پر آگاہ رکھا جائے۔