
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق بارش او رشہر کی صورتحال کے پیش نظر کل کراچی میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری اسکولوں و کالجز پر ہو گا۔
قبل ازیں بیشتر نجی سکولوں نے 21 اگست کو اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا، نجی سکولوں کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر کیا گیا۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ بارش اورنگی ٹاؤن میں 37 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، پی ایف بیس فیصل پر 32 ملی میٹر ، جناح ٹرمینل پر 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ حکومت کا بدھ کو کراچی میں سکولز بند رکھنے کا اعلان
اسی طرح کیماڑی میں 13، ائیرپورٹ پر 11 اور ڈیفنس کلفٹن میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، شہر کے مختلف علاقوں کورنگی، ملیر، ائیرپورٹ،شاہ فیصل، صدر، کیماڑی، ناظم آباد اور سہراب گوٹھ میں تیز بارش کی وجہ سے کئی گا ڑیاں اور موٹر سا ئیکلیں پھنس گئیں۔
علاوہ ازیں بارش کے باعث کٹی پہاڑی کے تودے سڑک پر آگرے، تودے گرنے سے شہری جانی نقصان سے بال بال بچ گئے، پہاڑی پتھر گرنے سے سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا۔
بارش کے پیش نظر ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، تمام راہگیروں اور مسافروں سے گزارش ہے دورانِ سفر خستہ حال عمارتوں، سائن بورڈز، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔



