
صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر کل بد ھ کے روز کراچی کے تمام سکول کل بند ہوں گے، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی سکولز بند رہنے کے اعلان کی تصدیق کردی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ مون سون کے باعث کل کراچی کے نجی و سرکاری سکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہر قائد میں بارش کے دوران سندھ حکومت کی پوری مشینری مکمل طور پر فعال ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جان اور حفاظت سب سے اہم ہے، شہری غیرضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، مشکل کی اس گھڑی میں سندھ حکومت عوام کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی، شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں موسلادھار بارش نے تباہی مچادی
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون بارشوں کے دوران متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم اور ریسکیو و انتظامیہ کو متحرک رہنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اربن فلڈ سے بچاؤ کے لیے نالوں اور ڈرینج سسٹم کی سخت نگرانی کی جائے، بارش کے پانی کے فوری اخراج کے لیے مشینری اور عملہ متحرک رکھا جائے، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور بلدیاتی ادارے باہمی رابطے میں رہیں۔
مراد علی شاہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ شدید بارشوں کے دوران عوام غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور انفراسٹرکچر سے دور رہیں۔