کراچی : مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب، بجلی کا نظام ٹھپ
 شہر قائد میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بجلی کا ترسیلی نظام بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) شہر قائد میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا، شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بجلی کا ترسیلی نظام بھی ٹھپ ہو کر رہ گیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں ملیر، لانڈھی ،کورنگی، گلشن اقبال اور گلستان جوہر میں تیز بارش ہوئی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، صدر اور لیاقت آباد میں بھی بادل برس پڑے، سرجانی ٹاؤن، پی ای سی ایچ ایس اور اولڈ سٹی ایریا میں تیز بارش جل تھل ایک کردیا۔

موسلادھار بارش کے باعث شہر میں سڑکیں زیر آب آنا شروع ہو گئیں، چند منٹوں کی بارش نے ہی شہر قائد کی سڑکوں کو ڈبو دیا۔

حکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق شہر میں آج صبح سے سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 76.9ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلشن حدید میں 75 ، محکمہ موسمیات دفتر میں 59 اور نارتھ ناظم آباد میں 56.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اسی طرح سرجانی ٹاؤن میں 36، کیماڑی میں 30 اور سعدی ٹاؤن 24ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، پی اے ایف مسرور ایئر بیس 23 ، پی اے ایف فیصل میں 17، ایئرپورٹ 13 جبکہ اورنگی ٹاؤن میں 12.2 ،گلشن معمار میں 11 اور بحریہ ٹاؤن میں 4.8 ملی میٹر بارش ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مون سون کے پہلے سے زیادہ شدت کے 3 سپیلز کی پیشگوئی

چیف میٹرولوجسٹ انجم نصیر نے کہا ہے کہ شہر قائد میں بارش کا سلسلہ آئندہ 2 سے تین روز جاری رہنے کا امکان ہے، شدید بارش سے شہر کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، شہری انتظامیہ کو موسم کی صورتحال سے مسلسل آگاہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنائیں، ڈرائیونگ کے دوران مکمل احتیاط برتیں، آگے چلنے والی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ اچانک بریک لگنے یا کسی ہنگامی صورتحال میں حادثے سے بچا جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ دوران سفر اپنی گاڑی کی اسپیڈ کم رکھیں اور ٹریفک قوانین پر عمل کریں، دوران بارش گاڑی کی ہیڈ لائٹس اور وائپر درست حالت میں استعمال کریں، صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس کے عملے سے تعاون کریں۔

ٹریفک پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار بارش کے دوران شہریوں کی رہنمائی کیلئے سڑکوں پر موجود ہیں، آپ کی حفاظت ہمارا مقصد ہے۔