سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی نے اعجاز چودھری کی اہلیہ کو ٹکٹ جاری کردیا
 پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں سینیٹ کی خالی نشست پر سابق سینیٹر اعجاز چودھری کی اہلیہ کو ٹکٹ جاری کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں سینیٹ کی خالی نشست پر سابق سینیٹر اعجاز چودھری کی اہلیہ کو ٹکٹ جاری کردیا۔

پی ٹی آئی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اعجاز چودھری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز سینیٹ کی نشست کیلئے تحریک انصاف کی امیدوار ہوں گی، پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو 100 کے قریب اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

دوسری جانب پنجاب میں سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا وقت ختم ہو گیا۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے 3 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، مسلم لیگ ن کی جانب سے رانا ثناءللہ نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ، رانا ثناءللہ کے داماد احمد شہریار نے بھی کاغذت نامزدگی جمع کروائے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی ضمانتوں کا کیس،پھر کل کی تاریخ پڑ گئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما اعجاز چودھری کی اہلیہ سلمیٰ اعجاز چودھری نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔

واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری روز تھا، امیداروں کی عبوری فہرست 21 اگست کو جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 23 اگست کو امیداروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، پولنگ پنجاب اسمبلی میں 9 ستمبر کو ہو گی۔

خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری کی نااہلی کے باعث سینیٹ کی نشست خالی ہوئی تھی۔