
پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ بندش نے یو فون کو بھی متاثر کیا، جبکہ جاز، زونگ اور ٹیلی نار سمیت دیگر ٹیلی کام آپریٹرزنے بھی سروس میں خلل کی شکایات کیں۔
عالمی انٹرنیٹ نگرانی کے ادارے نیٹ بلاکس نے پاکستان میں بڑے انٹرنیٹ بریک ڈاؤن کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قومی سطح پر انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی معمول کے 20 فیصد تک گر چکی ہے۔ صارفین کی بڑی تعداد نے سوشل میڈیا پر شکایت کرتے ہوئے سوال کیا کہ آج پاکستان میں انٹرنیٹ کیوں نہیں چل رہا۔
پی ٹی سی ایل کے ترجمان نے اس مسئلے کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیمیں سروس کی بحالی کے لیے بھرپور محنت کر رہی ہیں۔ ہمیں صارفین کو پیش آنے والی تکلیف پر افسوس ہے۔
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام کے ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی سی ایل کے کراچی کلفٹن میں واقع سب میرین کیبل لینڈنگ اسٹیشن پر ممکنہ تکنیکی خرابی آئی ہے۔ انہوں نے زیر سمندر کیبل کٹنے کے امکان کو مسترد کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں شدید بارشوں کا الرٹ، اربن فلڈنگ کا خدشہ
ایک عہدیدار نے کہا کہ یہ اب قومی سطح کی بندش بن چکی ہے، اور اپ اسٹریم ٹریفک میں مسئلہ آ رہا ہے۔
پی ٹی اے نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ تکنیکی ٹیمیں پاکستان میں انٹرنیٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے مسائل کی وجہ کراچی میں جاری بجلی کی طویل بندش اور نیٹ ورک کے بوجھ کو قرار دیا، جہاں لاکھوں موبائل صارفین متاثر ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں سیلاب کے باعث 200 سے زائد ٹیلی کام ٹاورز کو نقصان پہنچا، جس نے رابطوں کے نظام پر مزید دباؤ ڈالا۔
کراچی کے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورکس کی بندش کے باعث ان کا اپنے پیاروں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
واضح رہے کہ یہ تعطل حالیہ برسوں کا سب سے شدید مانا جا رہا ہے۔ صارفین یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا پاکستان میں انٹرنیٹ کی بندش مزید جاری رہے گی اور پی ٹی سی ایل کی سروس کب مکمل طور پر بحال ہوگی؟



