
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12سے 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع بشمول کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، مستونگ، نوشکی اور بارکھان میں شدید بارشیں متوقع ہیں، بلوچستان میں سبی، ڈیرہ بگٹی، سوئی، خاران، خضدار، قلات، آواران، تربت، واشک، ہنگول اورگڈانی میں بھی موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ شدید بارشوں سے نشیبی اورشہری علاقوں میں سیلاب، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اورآندھی کے باعث کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی آئندہ12 سے 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشیں متوقع ہیں۔
پنجاب کے مختلف اضلاع مری، راولپنڈی، جہلم، چکوال اور اٹک ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور چنیوٹ میں بادل برسیں گے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح بھکر، لیہ، میانوالی ، ڈیرہ غازی خان ، ساہیوال، ملتان، بہاولنگر، بہاولپور اور رحیم یار خان میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال سمیت ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش نے تباہی مچادی
این ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بالائی خیبرپختونخوا بشمول چترال، دیر، کوہستان، باجوڑ، مہمندمیں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ اور زمینی کٹاؤ کا اندیشہ ہے۔
شدید بارش کے باعث شاہراہ قراقرم کے مختلف مقامات بشمول تورغرروڈ ، بٹگرام روڈ، شانگلہ رو ڈ، لوئر کوہستان روڈ، تتہ پانی روڈ ، گلگت روڈ اور ہنزہ روڈخاص طور پر متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی و ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم ایز، ریسکیو سروسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور فوری ریسپانس کے لیے اہلکار و آلات کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
حکام کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ شہریوں سے گزارش ہے نشیبی علاقوں سے دور رہیں، نکاسی آب یقینی بنائیں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں ، پہاڑی علاقوں کے سفر سے گریز کریں اور راستوں کی بندش سے آگاہ رہیں، سڑک بند ہونے کی صورت میں غیر محفوظ راستوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔