
ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ سرکاری حج سکیم کے لیے 13 روز میں ایک لاکھ ساڑھے 14 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں،قریباً ساڑھے تین ہزار باقی نشستیں مکمل ہونے تک درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نامزد بینکوں کو حج درخواستوں کی وصولی جاری رکھنے کا پیغام بھیج دیا گیا ہے، خواہشمند درخواست گزار جلد از جلد قریبی بینک میں حج درخواست جمع کروائیں، بقیہ ساڑھے تین ہزار نشستیں مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی وزارت کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں ایک روز کی توسیع کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹوور آپریٹرز کی حج سے محروم رہ جانیوالے حجاج کو رقم واپسی کی یقین دہانی
ترجمان وزارت مذہبی امور کی جانب سے کہا گیا تھا کہ توسیع محدود وقت کیلئے ہے اور نشستیں مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی فوری طور پر روک دی جائے گی تاہم نشستیں بچ جانے کے باعث آج پھر درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ توسیع پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر کی گئی ہے، تاکہ وہ عازمین جو کسی وجہ سے مقررہ مدت میں درخواست جمع نہیں کراسکے تھے، وہ آخری موقع سے فائدہ اٹھا سکیں۔
عازمینِ حج کیلئے یہ ہدایت بھی جاری کی گئی ہے کہ وہ مقررہ بینکوں میں درخواست جمع کراتے وقت تمام مطلوبہ دستاویزات اور فیس اپنے ساتھ رکھیں تاکہ کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔