ٹوور آپریٹرز کی حج سے محروم رہ جانیوالے حجاج کو رقم واپسی کی یقین دہانی
پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز نے گزشتہ برس حج سے محروم رہ جانے والے 26 ہزار عازمین کے معاملے پر وزیر مذہبی امور کو خط لکھ دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز نے گزشتہ برس حج سے محروم رہ جانے والے 26 ہزار عازمین کے معاملے پر وزیر مذہبی امور کو خط لکھ دیا۔

نجی ٹوور آپریٹرز کی جانب سے خط میں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ حج سے محروم عازمین کو رقم واپسی کے لیے تیار ہیں، عازمین کی رقم میں کٹوتی نہیں کی جائے گی،رقم واپسی کے لیے عازمین کو تحریری درخواست دینا ہوگی۔

خط میں لکھا گیا کہ عازمین کو درخواست کے ہمراہ شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور بینک سلپ کی کاپی فراہم کرنا ہوگی، تین دن میں تصدیقی خط اور سات سے دس دن میں رقم لوٹا دی جائے گی، عازمین کی رقم ڈیمانڈ ڈرافٹ اور کراس چیک کے ذریعے لوٹائی جائے گی۔

نجی ٹوور آپریٹرز کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کئی عازمین کی رقوم واپس کر چکے ہیں لیکن 2025 میں حج سے محروم عازمین کی بکنگ 2026 میں منتقل کر دی ہے، ان عازمین کے فنڈز مسار ای والٹ سعودی عرب میں محفوظ ہیں لہذا درخواست ہے کہ فنڈز کی واپسی یا منسوخی کے لیے کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: حج درخواستوں کی وصولی میں ایک دن کی مزید توسیع

پرائیویٹ ٹوور آپریٹرز نے مزید کہا کہ فنڈز منسوخی سے حج کی تیاریوں میں تاخیر اور رکاوٹیں پیدا ہوں گی، سعودی عرب کی ٹائم لائن کو پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔

دوسری جانب سرکاری حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری روز تھا، رواں برس سرکاری حج سکیم کیلئے حکومت کی جانب سے شفاف اور سہل نظام متعارف کرایا گیا جس کے تحت تمام درخواستیں نامزد بینکوں میں وصول کی گئی ہیں۔