
ڈپٹی کمشنر مری کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں دو دن کی چھٹیاں دے دی گئی ہیں تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔
حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کئی تعلیمی ادارے شدید متاثر ہوئے، گورنمنٹ پرائمری اسکول میں پانی بھر جانے سے تدریسی عمل معطل ہوگیا، جبکہ مسیاڑی گوہڑہ کے گورنمنٹ اسکول کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں عمارت کو پانی سے بھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقتی طور پر تھم گیا ہے، تاہم بند نالیوں اور پلیوں نے متعدد لنک روڈز کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں: قصور: بابا بلھے شاہؒ کے عرس پر چھٹی کا اعلان
نواحی علاقوں میں کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم انتظامیہ کے مطابق تمام مین روڈز ٹریفک کیلئے کھلے ہیں اور کسی بڑی رکاوٹ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دوسری جانب بارش کے بعد مری کا موسم کافی سرد ہوگیا، سیاح بڑی تعداد میں ہوٹلوں سے نکل کر مال روڈ کا رخ کر رہے ہیں اور ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
مقامی کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ بارش نے اگرچہ مشکلات بڑھا دی ہیں لیکن سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔