
اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک سیاح شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ وادی نیلم کے علاقے شنڈداس میں پیش آیا، جہاں ایک جیپ کیل سے تاؤبٹ سیاحوں کو لے جا رہی تھی کہ اچانک تیز موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں جا گری۔
حادثے میں ڈرائیور اور ایک خاتون سیاح سمیت 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ جاں بحق اور زخمی افراد کو قریبی اسپتال اے ڈی ایس ہلمت منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے شکار افراد کی شناخت فی الحال نہیں ہو سکی، تاہم پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوئی جس کے نتیجے میں یہ المناک حادثہ پیش آیا۔
یہ بھی پڑھیں:پختونخوا: کریش ہونیوالے ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل گیا
دوسری جانب مقامی افراد کا کہنا ہے کہ وادی نیلم کے دشوار گزار راستوں اور تنگ سڑکوں پر اکثر ایسے حادثات پیش آتے ہیں لیکن سیاح حفاظتی تدابیر اختیار نہیں کرتے جس کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔
یاد رہے کہ وادی نیلم گرمیوں کے موسم میں ملک بھر سے آنے والے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتی ہے، مگر خطرناک اور کچے راستوں کے باعث یہاں حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں۔