
سرکاری حکام نے بتایا کہ بلیک پاکس جائے حادثہ سے تقریبا 100 میٹر دوری کے فاصلے سے ملا، پولیس نے تباہ ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس متعلقہ حکام کے حوالہ کر دیا۔
یاد رہے گزشتہ دنوں صوبے میں آنے والے بدترین سیلاب کے دوران ریسکیو آپریشن میں مصروف سرکاری ہیلی کاپٹر مہمند پنڈیالی سوکئی پہاڑی کے قریب حادثے کا شکار ہو ا تھا، جس میں سوار 5 افراد شہید ہوگئے تھے۔
حادثے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بتایا تھا کہ امدادی ہیلی کاپٹر میں 2 پائلٹ اور عملے کے 3 ارکان سوار تھے، حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر باجوڑ کے بارش متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر جارہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: مون سون بارشوں کی تباہ کاریاں، جاں بحق افراد کی تعداد 645 ہو گئی
واضح رہے خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر کی ضلعی انتظامیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی رپورٹ جاری کر دی، جس میں بتایا گیا ہے کہ کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے اموات کی تعداد 400 سے تجاوز کر گئی۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے مطابق تباہ کن سیلاب نے ضلع بونیر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے، جس کے نتیجے میں 401 افراد جاں بحق اور 671 زخمی ہوئے ہیں۔
سرکاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2 ہزار 300 مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے، جب کہ 413 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تعلیمی ڈھانچہ بھی شدید متاثر ہوا ہے، اور 6 سرکاری اسکول بہہ گئے ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوامی خدمات بھی محفوظ نہیں رہ سکیں، 2 تھانے سیلاب میں بہہ گئے، 639 گاڑیاں تباہ ہوئیں، 127 دکانیں مکمل طور پر صفحہ ہستی سے مٹ گئیں اور 824 کو جزوی نقصان پہنچا۔