سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے وارنٹ گرفتاری جاری
Chaudhry Pervaiz Elahi arrest warrant
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں پیش نہ ہونے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

عدالت نے سماعت کے دوران پرویز الٰہی کی جانب سے دائر ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کر دی۔

اسپیشل سینٹرل عدالت لاہور کے جج عارف خان نیازی نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران پرویز الٰہی کے وکیل نے موکل کی ایک روزہ غیر حاضری کیلئے معافی کی درخواست دائر کی، تاہم عدالت نے اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الٰہی کیخلاف ضمنی چالان پہلے ہی عدالت میں جمع کروا رکھا ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ملزم کی بار بار غیر حاضری کارروائی میں رکاوٹ ڈال رہی ہے اور قانون سب کیلئے برابر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:منافق سیاستدان سمت درست کرلیں ورنہ رگڑ دیے جائیں گے: فیصل واوڈا

ذہن نشین رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف مختلف مقدمات زیرِ سماعت ہیں جن میں بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے الزامات بھی شامل ہیں۔

ماہرینِ قانون کے مطابق عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اب پرویز الٰہی کیلئے مزید قانونی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔