امریکی ویزہ پالیسی میں تبدیلی، نئے قواعد کا اعلان
US visa policy 2025
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ویزہ پالیسیوں میں اہم تبدیلیاں کر دی گئی ہیں جن کا براہِ راست اثر پاکستان سمیت دنیا بھر کے ویزہ درخواست گزاروں پر پڑے گا۔

رپورٹس کے مطابق اب امریکی ویزہ کے حصول کیلئے نئے طریقہ کار پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

ویزہ اپلائی کرنے والے تمام افراد کو اپنی مکمل اور درست دستاویزات جمع کرانا ہوں گی جبکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی لازمی فراہم کرنا ہوں گی۔

اگر کسی درخواست گزار کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پرائیویسی سیٹنگ فعال ہوگی تو ویزہ مسترد کیا جا سکتا ہے۔ اس لیے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ اپنے اکاؤنٹس کو پبلک کر دیں تاکہ امیگریشن حکام تصدیق کر سکیں۔

ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ 20 اگست کو وزٹ ویزہ کے حوالے سے نئی پالیسی متعارف کرائی جائے گی۔ اس پالیسی کے تحت بعض ممالک کے شہریوں کو 5 سے 15 ہزار ڈالر تک کا سیکیورٹی بانڈ جمع کرانا ہوگا تاکہ وہ مقررہ مدت کے بعد ملک واپس لوٹ جائیں۔ تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اوور اسٹے لسٹ میں پاکستان شامل نہیں ہے، اس لیے پاکستانی شہری اس شرط سے مستثنیٰ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی نوجوانوں کیلئے چین جانے کا شاندار موقع

امریکہ کی سرمایہ کاری اسکیم گولڈن ویزہ کے تحت دو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے والے افراد امریکی شہریت کے اہل بن سکیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سرمایہ کاری کے شعبے میں تعلقات بہتر ہوتے جا رہے ہیں جو مستقبل میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے نئے مواقع فراہم کریں گے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی پالیسیوں سے امریکی ویزہ کے حصول کا عمل مزید سخت ہوگیا ہے اور درخواست گزاروں کو ہر چھوٹی سے چھوٹی تفصیل درست اور شفاف طریقے سے فراہم کرنا ہوگی۔