شناختی کارڈ میں گھر بیٹھے ترمیم کروانے کا آسان طریقہ
NADRA ID card update
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شہریوں کیلئے اب شناختی کارڈ میں ترمیم کروانا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہوگیا ہے۔

نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ نے یہ سہولت فراہم کردی ہے کہ صارفین بغیر دفتر گئے، محض چند آسان مراحل مکمل کرکے اپنے شناختی کارڈ میں ترمیم کرسکتے ہیں اور نیا کارڈ گھر پر ہی وصول کرسکتے ہیں۔

ایپ کے ذریعے درخواست دینے کیلئے سب سے پہلے اپنے موبائل میں پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، اکاؤنٹ رجسٹر کریں اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کریں۔

اس کے ساتھ فیس کی ادائیگی بھی آن لائن کی جاسکتی ہے، جس کے بعد نیا شناختی کارڈ آپ کے منتخب کردہ پتے پر بذریعہ کورئیر پہنچا دیا جاتا ہے۔

ایپ کا استعمال انتہائی سادہ ہے، اسکرین پر اپ ڈیٹ کارڈ کے آپشن پر کلک کریں، اس کے بعد ویریفائی فنگر پرنٹس کے ذریعے اپنی انگلیوں یا انگوٹھے کی تصدیق کریں۔ اگلے مرحلے میں کارڈ کی ترسیل کیلئے موجودہ یا مستقل پتہ منتخب کریں۔ صارف اپنی ضرورت کے مطابق پراسیسنگ کیٹیگری بھی چن سکتا ہے۔

ترمیم کیلئے نئی اسکرین پر نیلے رنگ کے پلس بٹن کو دبائیں، پھر موڈیفکیشن فیلڈ میں سے مطلوبہ ترمیم منتخب کریں۔ اس کے بعد تصویر کھینچنے کیلئے کیپچر کا بٹن استعمال کریں اور دستخط کرنے کیلئے ڈرا سگنیچر آپشن منتخب کریں یا پہلے سے تیار کردہ دستخط کی تصویر اپ لوڈ کریں۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں ای ٹیکسی کے خواہشمندوں کیلئے اچھی خبر

علاوہ ازیں اگر کوئی اپنی ازدواجی حیثیت میں تبدیلی کرنا چاہے تو تمام ضروری معلومات فراہم کرکے محفوظ کرسکتا ہے۔ اسی طرح اہلخانہ کا ریکارڈ اور رشتہ داروں کی تفصیلات بھی باآسانی شامل کی جاسکتی ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ سہولت شہریوں کیلئے وقت اور پیسے کی بچت کا باعث ہے اور نادرا دفاتر پر رش کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔