40 سے 60 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ، پنجاب حکومت کا بڑا اعلان
Punjab internship program
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے نوجوانوں کیلئے ویٹرنری گریجویٹس اور پیرا ویٹس کیلئے پہلا جامع انٹرن شپ پروگرام متعارف کرادیا گیا ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو ماہانہ 40 سے 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے ایک ہزار سے زائد ویٹرنری گریجویٹس، پیرا ویٹس اور معاونین لائیواسٹاک کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس منصوبے کیلئے 60 کروڑ روپے کی بھاری رقم مختص کی گئی ہے۔ پروگرام کے تحت ویٹرنری گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ ملے گا جبکہ پیرا ویٹس اور معاونین لائیواسٹاک کو انٹرن شپ کے دوران 40 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ دو سالہ ایل اے ڈی کورس مکمل کرنے والے نوجوان بھی اس پروگرام میں درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انٹرن شپ پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صوبے میں لائیواسٹاک کی ترقی اور فروغ ہے۔

ان کے مطابق اس پروگرام سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا، جس سے نہ صرف مقامی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں ای ٹیکسی کے خواہشمندوں کیلئے اچھی خبر

انہوں نے مزید کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کے ذریعے لائیواسٹاک فارمرز کو علاج اور مشاورت کی سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائیں گی۔

مریم نواز کا کہنا تھا ہم نے پنجاب کو لائیواسٹاک اور ڈیری ڈویلپمنٹ کا حب بنانے کا عزم کر رکھا ہے، آج بھی ہم فارمرز کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

پنجاب حکومت کے اس تاریخی اقدام کو نوجوانوں کیلئے روزگار اور عملی تربیت کا سنہری موقع قرار دیا جا رہا ہے۔