
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے خیبرپختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور ریسکیو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادتوں پر تعزیت بھی کی ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے ڈسپوزل پر ہیں، پنجاب کے عوام اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔
مریم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد نواز شریف کی طرف سے بھی شہادتوں پر تعزیت کی، وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا فون کرنے اور تعزیت پر شکریہ ادا کیا ۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے خیبرپختونخوا کے عوام کی بھرپور مدد کی یقین دہانی پر بھی اظہار تشکر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سیلابی صورتحال، وزیراعظم کی وزیراعلیٰ کے پی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، وزیرِ اعظم نے خیبر پختونخوا میں حالیہ کلاؤڈ برسٹ اور فلیش فلڈز کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ و صوبائی حکومت کی ریسکیو و ریلیف آپریشن میں ہر قسم کی معاونت کریں، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی ہر قسم کی مدد کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ادویات، خیمے اور اشیائے خورونوش بھیج رہی ہے، مشکل کی اس گھڑی میں ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرین کے ساتھ ہیں۔