
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کیس میں دونوں رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں کی سماعت ہوئی، تاہم عمر ایوب اور زرتاج گل عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ عدالت نے دونوں کی ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدم پیروی کی بنیاد پر درخواست ضمانت خارج کی جاتی ہے۔
یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شوکت کمال ڈار نے سنایا۔
یاد رہے کہ اس کیس میں دونوں رہنماؤں نے قبل از گرفتاری عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، جو آج ختم ہو گئی۔ مقدمہ تھانہ کینٹ گوجرانوالہ میں درج ہے، جس میں ایف آئی آر کے مطابق ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:تحریک انصاف کا 16 اگست کو یومِ قائداعظم منانے کا اعلان
خیال رہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اعلیٰ قیادت کے متعدد رہنما مختلف مقدمات میں نامزد ہیں، جن میں دہشتگردی، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور ہنگامہ آرائی کے الزامات شامل ہیں۔ ان کیسز کی سماعت ملک بھر کی مختلف عدالتوں میں جاری ہے۔
سیشن کورٹ کے فیصلے کے بعد امکان ہے کہ پولیس عمر ایوب اور زرتاج گل کی گرفتاری کے لیے کارروائی تیز کرے گی۔ قانونی ماہرین کے مطابق، اگر دونوں رہنما دوبارہ ضمانت کے لیے درخواست دینا چاہیں تو انہیں ہائیکورٹ سے رجوع کرنا پڑے گا۔