تحریک انصاف کا 16 اگست کو یومِ قائداعظم منانے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 16 اگست کو یومِ قائداعظم منانے کا اعلان کر دیا
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم/ فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 16 اگست کو یومِ قائداعظم منانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے عوام سے گھروں، گاڑیوں اور دکانوں پر قائداعظم کی تصویریں لگانے کی اپیل کر دی۔

پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ حکومتِ نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے سرکاری اشتہار میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی تصویر شامل نہ کر کے نہ صرف ایک شرمناک حرکت کی بلکہ پاکستان کی بنیاد پر براہِ راست حملہ کیا ہے، تحریکِ انصاف عوام سے اپیل کرتی ہے اس ناپاک منصوبے کو منہ توڑ جواب دیں۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گئی

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ 16 اگست کو پورا پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی تصویر سے جگمگا اٹھے گا، اپنے گھروں، گاڑیوں اور دکانوں پر قائد اعظم کی تصویر آویزاں کریں، اپنی سوشل میڈیا پروفائلز اور والز پر اسے لگائیں، اور اپنے بچوں کو بتائیں کہ اس ملک کا قیام کن قربانیوں سے ممکن ہوا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پارٹی نے پرامن احتجاج کرنے کی ہدایت کی تھی کہ تمام لوگ پرامن طریقے سے عمران خان کی تصویر لے کر سڑکوں پر آئیں، ساتھ ساتھ جشن آزادی بھی منائیں، عمران خان کیلئے لوگ باہر نکلتے ہیں، یہ کہنا کہ کوئی نہیں نکلتا، یہ درست نہیں ہے، 5 اگست کو لوگ نکلے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ہمارے 9 ایم پی ایز کو گرفتار کیا گیا، نظریہ کی وجہ سے لوگ عمران خان کے ساتھ ہیں،ان کو سزائیں بھی مل رہی ہیں، وہ اپنی سیٹیں بھی کھو رہے ہیں، لیکن وہ عمران خان کو نہیں چھوڑ رہے، کیا کمپرومائزڈ لوگوں کو سزائیں ہوتی ہیں؟، اگر کسی نے ہمارے خلاف پروپیگنڈا کر نا ہے وہ کرتے رہیں،سیٹ چلی جانا، پھر 10 سال قید کی سزا ملنا کوئی چھوٹی بات ہے کیا ؟ علی امین گنڈاپور وزیر اعلی رہیں گے، کے پی کے میں تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ،اگر کسی نے عدم اعتمادلانی ہوتی تو یہ لوگ لے آتے۔