
تفصیلات کے مطابق شہدائے کربلا کے چہلم کے سلسلے میں راولپنڈی کے صدر اسٹیشن اور فیض آباد کے درمیان میٹرو بس سروس آج (جمعہ) کو معطل رہے گی۔ میٹرو بس سروس وفاقی دارالحکومت میں بحال رہے گی، بس سروس آئی جے پی سے پاک سیکرٹریٹ تک سروس معمول کے مطابق چلتی رہے گی، جزوی معطلی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد جڑواں شہروں میں جلوسوں کے دوران سیکیورٹی کے ہموار انتظامات کو یقینی بنانا ہے، روٹ کے راولپنڈی سیکشن پر سفر کرنے والے مسافروں کے لیے متبادل ٹرانسپورٹ کے انتظامات کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔
دوسری جانب چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہ و عرس مبارک حضرت علی ہجویری داتا گنج بخشؒ کی تقریبات کے سلسلے میں ٹریفک پولیس لاہور نے ایڈوائزری پلان جاری کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ: آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد جاں بحق
لاہورسٹی ٹریفک پولیس لاھور کے 1220 افسران اور ٹریفک وارڈنز چہلم و عرس کی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔ ایس ایس پی سٹی زون نوید ارشاد تمام تر ٹریفک انتطامات کی سپرویژن کریں گے۔ 4 ڈویژنل ایس پیز 16 ڈی ایس پیز،120 ٹریفک انسپکٹرز اور 1078 ٹریفک وارڈنز اور ٹریفک اسسٹنٹس تعینات ہیں۔
رانگ پارکنگ کے خاتمے کیلئے ٹریفک رسپانس یونٹ کے 182 وارڈنز 14 فورک لفٹرز اور 04 بریک ڈاؤنز بھی تعینات ہیں۔ عزاداروں و زائرین کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے 06 پارکنگ اسٹینڈز بھی مختص کئے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاھور ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ زائرین اپنی گاڑی، موٹر سائیکل کو گریٹر اقبال پارک، اسلامیہ ہائی سکول موہنی روڈ اور دربار آئی ہسپتال میں پارک کر سکتے ہیں، سنٹرل ماڈل ہائی سکول دہلی گیٹ اور اڈا کروان کے مقام پر زائرین کی گاڑیوں کو پارک کروایا جائیگا۔
ڈاکٹر اطہر وحید کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے پیش نظر مخصوص روڈز کو عام ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا ہے، کچہری چوک، بھاٹی چوک اور ٹیکسالی چوک سے داتا دربار ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے، شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک کو آزادی چوک سے جانب ریلوے اسٹیشن بجھوایا جارہا ہے، شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک نیازی شہید چوک سے بندروڈ، سگیاں آوٹ فال روڈ بجھوائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوبرجی چوک سے لوئر مال/داتا صاحب آنیوالی ٹریفک کوMAO کالج سے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جا رہا ہے، انرسرکلرروڈسے آنیوالی ٹریفک موری گیٹ سے براستہ اردوبازارکچہری روڈ اپنی منزل کیطرف جاسکے گی، چوک ضلع کچہری، کارنر سی ٹی او آفس، گولچکر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے کوئی بھی ٹریفک لوئر مال نہیں جاسکے گی، چوک ریٹیگین، چوک بلال گنج چوک بیری والا، گول چکر موری گیٹ سے بھی کوئی ٹریفک داتا دربار کی طرف نہیں جاسکے گی۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق چوک ٹیکسالی،موری گیٹ، چوک آزادی سے بھی کسی قسم کی ٹریفک لوئرمال روڈ پر داخل نہیں ہوگی، شاہدرہ سے اپر مال آنے والے شہری براستہ ریلوے اسٹیشن، پریس کلب سے اپر مال جاسکیں گے، چوبرجی اور پی ایم جی چوک سے راوی روڈ جانے والے شہری براستہ سگیاں رنگ روڈ جا سکتے ہیں، چوبرجی سے ایم اے او کالج آنے والی ٹریفک سیکرٹیریٹ چوک کی بجائے ساندہ روڈ سے بند روڈ یا جین مندر سے مال روڈ کی طرف بھجوائی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر اطہر وحید نے کہا کہ لوئر مال روڈ، چوک ضلع کچہری تا یو ٹرن پیر مکی ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند ہے، راستہ ایف ایم اور راستہ ایپ کے ذریعے شہریوں کو مکمل آگاہی دی جا رہی ہے، شہری مزیدراہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 15 پر کال کر سکتے ہیں۔