باجوڑ: آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑی میں آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑی میں دل خراش واقعہ پیش آیا/ فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑی میں آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ کئی گھر سیلابی پانی میں بہہ گئے۔

 خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی کے گاؤں جبراڑی میں گزشتہ رات ایک دل خراش واقعہ پیش آیا جب آسمانی بجلی گرنے کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔ اس حادثے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 9 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ کئی دیگر افراد لاپتہ ہیں۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب علاقے میں شدید بارشوں کے ساتھ طوفانی موسم جاری تھا، جس کے نتیجے میں آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ ساتھ شدید سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے بھی تباہی مچائی۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر، کلاؤڈ برسٹ سے 44 افراد ہلاک،100 سے زائد زخمی

عینی شاہدین اور مقامی ذرائع کے مطابق، بجلی گرنے اور اس کے بعد آنے والے سیلابی پانی کے باعث کئی مکانات زمین بوس ہو گئے۔ تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے تقریباً 30 افراد دب گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق اب تک 9 لاشیں ملبے سے نکالی جا چکی ہیں، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مزید افراد بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ بھاری مشینری بھی جائے وقوع پر پہنچا دی گئی ہے تاکہ ملبہ ہٹانے اور لاپتہ افراد کو تلاش کرنے کا عمل تیز کیا جا سکے۔ تاہم، علاقے کی دشوار گزار پہاڑی زمین، مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ ریسکیو کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ مقامی لوگوں کی بھی بڑی تعداد امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہے تاکہ ملبے تلے دبے اپنے پیاروں کو زندہ یا مردہ حالت میں نکالا جا سکے۔