ڈی آئی خان میں عمران خان کی رہائی کیلئے ریلی کا انعقاد
خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئی۔
فائل فوٹو
ڈی آئی خان: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئی۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے ریلی نکالی گئی جس کا آغاز الامین ہاؤس سے ہوا،عوام کی بڑی تعداد عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے لیے ریلی میں شریک ہوئی۔

ریلی میں شریک کارکنان نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اور عمران خان کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، ریلی کے شرکاء عمران خان کی رہائی کے لیے نعرے بازی کرتے رہے، ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی تحصیل پہاڑپور کی جانب گامزن ہے۔

ذرائع کے مطابق عوام کی بڑی تعداد ریلی کے راستے میں استقبال کے لیے موجود ہے، ریلی کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تحصیل پہاڑپور پہنچ کر ریلی کا اختتام ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: جیل میں اعجاز چودھری کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل

پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور راستے میں مختلف مقامات پر عوام سے ملاقاتیں بھی کریں گے، اختتامی مقام پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور ریلی کے شرکاء سے خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آج یوم آزادی کے موقع پر احتجاج کی کال دے رکھی تھی تاہم دیگر صوبوں میں کسی بھی مقام پر احتجاجی ریلی کے حوالے سے کوئی اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔