جیل میں اعجاز چودھری کی طبیعت بگڑ گئی، ہسپتال منتقل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اعجاز چودھری کی صحت اچانک خراب ہوگئی
جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اعجاز چودھری کی صحت اچانک خراب ہوئی/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اعجاز چودھری کی صحت اچانک خراب ہوگئی، انہیں جیل میں پتے میں شدید تکلیف محسوس ہوئی، جس پر فوری طور پر کوٹ لکھپت جیل لاہور سے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ (پی کے ایل آئی) منتقل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اعجاز چودھری، جو طویل عرصے سے پی ٹی آئی کے اہم سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں، جیل میں قید کے دوران پہلے بھی صحت کے مسائل سے دوچار رہے ہیں۔ تاہم اس بار طبیعت کی خرابی اچانک اور زیادہ سنگین نوعیت کی بتائی جا رہی ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق ابتدائی معائنے میں پتہ چلا کہ ان کے پتے میں شدید انفیکشن اور پتھری کے آثار موجود ہیں، جس کے باعث فوری سرجری ناگزیر قرار پائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سب کو چاہیے اختلافات بھلا کر وطن کی خاطر یک جان ہو جائیں: پرویز الہٰی

پی کے ایل آئی کے ماہرین نے بتایا کہ اعجاز چودھری کا مکمل طبی معائنہ اور ضروری ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ آپریشن سے قبل ان کی مجموعی صحت کا جائزہ لیا جا سکے۔ سرجری کے دوران پتے سے پتھری نکالی جائے گی اور متاثرہ حصے کا علاج کیا جائے گا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر آپریشن کامیاب رہا تو وہ چند روز میں صحت یاب ہو سکتے ہیں، تاہم مکمل بحالی کے لیے آرام اور محتاط غذا کی سختی سے ضرورت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق، اعجاز چودھری کی حالت تاحال ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہے اور ان کا آپریشن جلد متوقع ہے۔ پی کے ایل آئی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے بچا جا سکے۔ اس دوران پارٹی رہنما اور ان کے اہل خانہ ہسپتال پہنچ کر ان کی خیریت دریافت کر رہے ہیں، جبکہ کارکنان سوشل میڈیا پر بھی ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔