سب کو چاہیے اختلافات بھلا کر وطن کی خاطر یک جان ہو جائیں: پرویز الہٰی
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ سب لوگ اپنے اختلافات بھلا کر قوم، ملک اور دین کی خاطر اس جھنڈے تلے یک جان ہو جائیں۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ سب لوگ اپنے اختلافات بھلا کر قوم، ملک اور دین کی خاطر اس جھنڈے تلے یک جان ہو جائیں۔

یوم آزادی کے حوالے سے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ پوری قوم جشن آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے،مگر ہمیں یہ ہر گز نہیں بھولنا چاہئے کہ اللہ تعالیٰ نے ملک پاکستان کلمے کی برکت سے نوازا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مملکت لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کے نظام تلے قائم ہے، سب لوگ اپنے اختلافات بھلا کر قوم، ملک اور دین کی خاطر اس جھنڈے تلے یک جان ہوں،آج ہم اپنے شہیدوں کی قربانی کو یاد رکھیں جنہوں نے قیام پاکستان کے موقع پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج ہندوستان کے مسلمانوں سے پوچھیں آزادی کتنی بڑی نعمت ہے،اس یوم آزادی پر ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے، یہی 14 اگست کا پیغام اور اصل روح ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو 14 اگست کو ورکرز کنونشن کی اجازت دینے سے انکار

پی ٹی آئی کے صدر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا کریں ہر محاذ پر چاہے وہ معیشت کا محاذ ہو، جنگ کا محاذ یا کرپشن کے خلاف محاذ ہو اس پر ہم سب اکٹھے ہو جائیں، اس ملک نے انشاء اللہ بہت آگے بڑھنا ہے اور ترقی کرنی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کو خاص طور پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، نوجوان بڑی سوچ سمجھ رکھنے والے ہیں،مجھے پوری امید ہے نوجوان ہی پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔