کراچی میں جشن آزادی کے نام پر ہوائی فائرنگ نے کئی گھر اجاڑ دئیے
 شہر قائد میں جشن آزادی کے نام پر ہوائی فائرنگ نے کئی گھر اجاڑ دئیے۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) شہر قائد میں جشن آزادی کے نام پر ہوائی فائرنگ نے کئی گھر اجاڑ دئیے۔

پولیس کے مطابق کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران 82 افراد زخمی جبکہ 3 جان سے گئے، عزیزآباد میں 8 سالہ بچی سرپرگولی لگنے سے جاں بحق ہوئی، کورنگی اور لیاری میں معمر افراد سر اور گردن پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئے۔

پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ ایسٹ زون میں 30 جبکہ ویسٹ میں 43 ، ساؤتھ میں 12 شہریوں کو گولیاں لگیں، ہوائی فائرنگ سے 51 مرد، 24 خواتین، 6 بچے اور ایک بچی زخمی ہوئی، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے فائرنگ کے واقعات پر سخت نوٹس لے لیا۔

انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام نبی میمن نے کہا کہ ہوائی فائرنگ سے قیمتی جانیں گئیں جس پر بہت افسوس ہے، جشن آزادی کا مقصد یہ نہیں کہ آپ کسی کی جان لے لیں، پولیس قانون کے مطابق اپنی کارروائی کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میٹرک سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان

انہوں نے بتایا کہ کراچی بھر سے 57 افراد گرفتار ہوئے جن سے 57 ہتھیار برآمد کیے گئے، گرفتار افراد کے خلاف اقدام قتل کے تحت مقدمات ہو رہے ہیں، تمام گرفتار افراد کو کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا۔

آئی جی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ ایک نامناسب عمل ہے عوام کو پرہیز کرنا چاہیے، ایسا عمل کریں جس سے لوگ خوش ہوں نا کہ کسی کی تکلیف کا باعث بنے۔