
تفصیلات کے مطابق، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں سب سے زیادہ کمی متوقع ہے، جس کا تخمینہ 12 روپے فی لیٹر لگایا گیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، جبکہ مٹی کے تیل (کیروسین آئل) کی قیمت میں 6 روپے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 7 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: موڈیز کا پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار، ریٹنگ مثبت سے مستحکم کردی
ذرائع کے مطابق، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) ان نئی قیمتوں کے حوالے سے سمری 15 اگست کو وزارت خزانہ کو ارسال کرے گی۔ اس سمری میں پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں اور درآمدی لاگت کے ساتھ ساتھ مقامی مارکیٹ کے رجحانات کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ وزارت خزانہ، وزیر اعظم کی منظوری کے بعد، ان قیمتوں میں ردوبدل کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔
یہ نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد نئی قیمتوں کا اطلاق 16 اگست سے ہوگا اور یہ 31 اگست تک برقرار رہیں گی، جس کے بعد اگلی دو ہفتہ وار جائزہ میٹنگ میں دوبارہ قیمتوں پر نظرثانی کی جائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی پاکستان جیسے درآمدی انحصار والے ملک کے لیے وقتی ریلیف کا باعث بنتی ہے، تاہم مقامی مارکیٹ میں اس کے اثرات ٹرانسپورٹیشن لاگت اور مہنگائی کے دیگر اشاریوں میں بھی ظاہر ہوتے ہیں۔