حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس پر الہجویر ایپ کا افتتاح
حضرت داتا گنج بخشؒ کے 982 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہوگیا
حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس پر الہجویر ایپ کا افتتاح کیا گیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) حضرت داتا گنج بخشؒ کے 982 ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وزراء عبد العلیم خان، بلال یاسین اور دیگرحکام کے ہمراہ رسمِ چادر پوشی اور سبیل دودھ سے افتتاح کیا۔

تفصیلات کے موقع پر اسحاق ڈار نے اس موقع پرکہا کہ ملکی استحکام کیلئے صوفیا کی تعلیمات کا ابلاغ ضروری ہے، حضرت داتا گنج بخشؒ خطّے میں محبت، رواداری اور انسان دوستی کی علامت ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے الہجویر ایپ کا افتتاح کیا، جس کے ذریعے حضرت داتا گنج بخشؒ کے احوال و افکار اور آپؒ کی کتب بالخصوص کشف المحجوب ہمہ وقت دستیاب ہوگی۔ نیسپاک کی طرف سے داتادربار کی تعمیر و ترقی کے اگلے فیز پر بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب: سینیٹ کی خالی جنرل نشست پر انتخابی شیڈول کا اعلان

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پرسہولتوں کی فراہمی کیلئے چار ہزار اہلکار اپنی اپنی ڈیوٹی پرالرٹ ہیں۔ 982 ویں سالانہ عرس کے سلسلے میں محافل سماع کا افتتاح آج سماع ہال داتا ؒ دربار میں ہوگا ۔عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کیلئے لنگر کے انتظامات مکمل ہیں، دودھ کی سبیلیں بھی لگائی جا رہی ہیں، مٹھائیوں اور دیگر اشیاء کی دکانیں سج گئی ہیں۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے دربار کے اطراف کا دورہ کیا اور زائرین کے داخلی و خارجی راستوں کا معائنہ کیا۔داتا دربار جانے والے تمام راستے کنٹینرز لگا کر سیل کر دئیے گئے ہیں، صرف موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے افراد کے گزرنے کا راستہ موجود ہے۔ پنجاب حکومت نے عرس کے موقع پر لاہور میں کل 15 اگست کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔