
سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے کلمہ چوک یو سی ایچ سے مین بلیوارڈ کی جانب ڈائیورشن لگا دی گئی ۔
ایڈوائزری کے مطابق ایم ایم عالم روڈ اور جیل روڈ جانے والے مسافر یو سی ایچ سے یو ٹرن لے کر سنٹر پوائنٹ، فردوس مارکیٹ فردوس سے کیولری یا فردوس مارکیٹ سے حسین چوک سے ہوئے ایم ایم عالم روڈ اور جیل روڈ جا سکتے ہیں۔
اسی طرح کلمہ چوک سے سنٹر پوائنٹ سے لیفٹ ٹرن لے کر گورنمنٹ کالج فار بوائز گلبرگ سے گزر کر قذافی گول چکر سے چین ون اور حالی روڈ سے دائیں ہوتے ہوئے مین بلیوارڈ جایا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے جشن آزادی کے حوالے سے آج شب لبرٹی چوک میں میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا ہے،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز میوزیکل کنسرٹ کی مہمان خصوصی ہوں گی، لبرٹی چوک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ
یوم آزادی کی مناسبت سے مرکزی پرچم کشائی کی تقریب 14 اگست کو حضوری باغ میں منعقد ہوگی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف حضوری باغ میں پرچم کشائی کریں گی، پی ایچ اے کی جانب سے آج شب 12 بجے مینار پاکستان پر آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔
دوسری جانب شہر بھر میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ چکی ہیں، شہر کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے، اہم سرکاری و نجی عمارات قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے آراستہ کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس پنجاب حکومت کی جانب سے یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یوم آزادی کے موقع پر معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔