پنجاب حکومت کا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ
 پنجاب حکومت نے یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پنجاب حکومت نے یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کی زیر صدارت جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے جشن آزادی اور معرکہ حق کی تیاریوں اور انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

جشن آزادی کے حوالے سے 13 اگست کو لبرٹی چوک میں میوزیکل کنسرٹ کا انعقاد کیا جائے گا،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز میوزیکل کنسرٹ کی مہمان خصوصی ہوں گی، جشن آزادی کے موقع پر لبرٹی چوک میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہو گا۔

یوم آزادی کی مناسبت سے مرکزی پرچم کشائی کی تقریب 14 اگست کو حضوری باغ میں منعقد ہوگی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف حضوری باغ میں پرچم کشائی کریں گی، پی ایچ اے کی جانب سے مینار پاکستان پر بھی آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔

اسی طرح محکمہ ماحولیات کے زیر اہتمام یوم آزادی اور معرکہ حق بائیک ریلی بھی نکالی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا خواتین اساتذہ کے لیے مفت ای-بائیکس کا اعلان

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ہدایت کی کہ لبرٹی کنسرٹ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں، آتش بازی کے دوران سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے، حضوری باغ میں پرچم کشائی کی تقریب کے انتظامات میں کوئی کمی نہ رہے۔

اے ڈی سی جی نے کہا کہ بائیک ریلی کے روٹ پر ٹریفک کی روانی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، تمام محکمے جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کیلئے بہترین کوآرڈینیشن رکھیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کا کہنا تھا کہ یوم آزادی پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم دن ہے، اسے شایان شان طریقے سے منائیں گے، جشن آزادی کی تقریبات قوم کے اتحاد اور یکجہتی کا مظہر ہوں گی، معرکہ حق کی تقریبات ہماری عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے وہ جشن آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت کریں، جشن آزادی تجدید عہد کا دن ہے، ہم پاکستان کو مزید مضبوط بنائیں گے، لاہور پاکستان کا دل ہے، یہاں جشن آزادی کی تقریبات سب سے منفرد ہوں گی۔