پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس چیئرمین بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں عامر ڈوگر،اسد قیصر،علی محمد خان، ثنا ءاللہ مستی خیل ، عظیم الدین اور اقبال آفریدی سمیت دیگر ارکان ا سمبلی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ممبران نے پارٹی قیادت پر لفظی گولا باری کی اور متعدد اراکین پارلیمنٹ نے قومی اسمبلی اجلاس کے بائیکاٹ کی مخالفت کردی۔

اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ ہمیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت ضرور کرنی چاہیے ، اسپیکر بار بار کہہ رہے ہیں کہ آئیں بیٹھ جاتے ہیں تو پھر کیوں نہیں بیٹھتے؟ ہم نے بل پر محنت کی ہے، جب بھی ہمارا بل پیش کرنے کا وقت آتا ہے آپ بائیکاٹ کرلیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو تحویل میں لے لیا

پارٹی ذرائع کے مطابق کئی رہنما پارلیمانی پارٹی اجلاس چھوڑ کر باہر آگئے جبکہ پی ٹی آئی کے کئی ایم این ایز نے قیادت پر کمپرومائز ہونے کے الزامات بھی عائد کردیے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی نے پارٹی قیادت پر سوالات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے 14 اگست کیلئے کیا حکمت عملی بنائی گئی ہے؟ 5 اگست کو جب اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کا فیصلہ ہوا تو اڈیالہ جانے کا کس نے کہا؟ ہمیں کنفیوژ کیوں کیا جارہا ہے؟

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اقبال آفریدی اور ساجد مہمند کے درمیان جھگڑا بھی ہوا، باقی اراکین نے دونوں کے درمیان بیچ بچاؤ کرایا۔